نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد کمی کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد کمی کرنے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق اسکولز سالانہ پانچ فیصد اضافہ کر سکتے ہیں، فیس میں 6 سے 8 اضافہ ریگولیڑی باڈی کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

عدالت عظمیٰ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 22 نجی اسکولز اپنی ماہانہ فیس کم کریں، نجی اسکولز آئندہ تعلیمی سال کیلئے پانچ فیصد فیس میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ لیکن فیس میں 6 سے 8 اضافہ ریگولیڑی باڈی کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

سپریم کورٹ نے ان سکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کی وصول کی گئی فیس کو ایڈجسٹ یا دو ماہ میں واپس کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی نجی اسکول بند ہوگا نہ ہی کسی طالب علم کا نکالا جائے گا، سکول بند ہوا یا کسی طالب علم کو نکالا گیا تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔

 عدالت نے ایف بی آر کو 22 تعلیمی اداروں کے ٹیکس کی جانچ پڑتال جب کہ ایف آئی اے کو اسکولوں کا ریکارڈ تحویل میں لینے کے احکامات دیئے ہیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم پہلے کے تمام احکامات پر تقویت رکھے گا۔

Comments are closed.