ایڈیلیڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بارپھر ناکام ہو گیا ہے، پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 589 رنز کے جواب میں صرف 96 رنز بنائے اور اس کے 6 کھلاڑی پویلین کو لوٹ گئے ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو کینگروز کا مجموعی اسکور 302 رنز جب کہ اس کا صرف ایک کھلاڑی آؤٹ تھا، ڈیوڈ وارنر 166 جب کہ مارنس لبوشین 126 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ شاہین شاہ آفریدی نے مارنس لبوشین کو 128 رنز بولڈ کیا۔
ڈیوڈ وارنر نے اسٹیون اسمتھ کے ہمراہ تیسری وکٹ کی شراکت کے دوران اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور 490 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو تیسری وکٹ ملی، شاہین کا تیسرا شکار اسٹیون اسمتھ بنے جنھوں نے 36 رنز بنائے۔
محمد موسیٰ نے 226 رنز پر ڈیوڈ وارنر کو بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا لیکن جب پیچھے مڑ کر دیکھا تو امپائر نو بال کا اشارہ کر رہے تھے۔ اس طرح ڈیوڈ وارنر کو نئی زندگی ملی اور اس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
ڈیوڈ وارنر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میتھیو ویڈ کے ہمراہ آسٹریلوی اننگز کو آگے بڑھایا اور اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی۔ آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 589 بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی۔ ڈیویڈ وارنر 335 جب کہ میتھیو ویڈ 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 3 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، امام الحق 2 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بنے، کپتان اظہر علی بھی شان مسعود کا زیادہ دیر تک ساتھ نہ دے سکے اور 9 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کا شکار بن کر پویلین کی راہ لی۔ 22 رنز کے مجموعی اسکور پر بابراعظم کریز پر اترے۔ 38 رنز کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بھی 19 رنز کا کھاتہ بند کر کے پویلین لوٹ گئے۔
اسد شفیق کو 69 رنز کے مجموعی اسکور پر مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا، انہوں نے 9 رنز بنائے جب کہ افتخار احمد کی شکل میں پاکستان کی پانچویں وکٹ گرگئی، 89 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی چلتے بنے۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر محض 96 رنز بنائے جب کہ اب بھی اسے 493 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ کریز پر بابراعظم کا ساتھ دینے یاسر شاہ موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 2 میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے، آسٹریلیا نے پاکستان کو برسبین ٹیسٹ میں ایک اننگز اور پانچ رنز سے ہرایا تھا۔
Comments are closed.