اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے آغاز سے 50دن قبل لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت ایونٹ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن کے 5ویں ایڈیشن کا آغاز شہر قائد سے 20 فروری کو ہوگا اور یہ 22 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کے تمام 34 میچز پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن گھڑی بھی لگا دی ہے۔
پی ایس ایل کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے حصے میں آئے گی۔ پاکستان سپر لیگ کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 9، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کے بعد پی ایس ایل کے تمام میچز کا ملک میں انعقاد پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے۔ اس کے تمام میچز ہوم گراؤنڈز پر ہی کھیلے جانے چاہئیں، گزشتہ ایڈیشن کے اختتام پر ہم نے پاکستانی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل 2020 کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے اور آج وہ وعدہ وفا ہورہا ہے۔
احسان مانی نےمزید کہا کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا انعقاد ملک میں موجود کرکٹ کے مداحوں کو طویل انتظار کے بعد اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا،امید ہے کہ گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی ہر پاکستانی اسٹیڈیم کا رخ کرکے اس ایونٹ کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل کو مکمل طور پر پاکستان لانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی بھرپور مدد کرنے پر مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
Comments are closed.