لاہور: پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کے لئے آنے والی بنگلا دیشی ٹیم کے کپتان محمود اللہ کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان آ کر خوش ہیں۔ ان کا دھیان سکیورٹی کی طرف نہیں بلکہ کرکٹ کی طرف ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے بہت بہترین سکیورٹی دی ہے۔ اس پر ہم زیادہ بات نہیں کر سکتے جب کہ دھیان صرف اور صرف کرکٹ کی طرف ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ پاکستان آ کر خوش ہوں۔ یہاں پر کرکٹ کھیلنا کا بہت مزہ آتا ہے، کیونکہ یہاں کا کرکٹ کا ماحول بہت بہتر ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران ہماری نظریں صرف کرکٹ پر ہوں گی، رینکنگ کھیل پر اثر انداز ہو سکتی ہے تاہم ہم آئی سی سی کی رینکنگ کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔
بنگلا دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی میں بہت زیادہ اچھی اور مضبوط ہے اور گزشتہ سال کے علاوہ وہ چھوٹے فارمیٹ میں بہت اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں۔ جس کی مثال عالمی رینکنگ میں سرفہرست ہونا ہے۔چاہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچز کے دوران زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
پاکستانی باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمود اللہ کا کہنا تھا کہ دونوں باولرز کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر کچھ نہیں کہنا چاہتا کیونکہ دونوں فاسٹ باؤلرز پاکستان کے سینئر کھلاڑی ہیں، تاہم ان کی غیرموجودگی میں دیگر کھلاڑیوں کے پاس اپنے آپ کو منوانا کااچھا موقع ہے۔ لیکن ہماری نظریں ان باؤلرز پر نہیں بلکہ صرف اور صرف کرکٹ پر ہے۔
Comments are closed.