پاکستان- بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریزدلچسپ ہوگی،اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں، اظہر علی

راولپنڈی: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز دلچسپ ہوگی تاہم میں اپنی کارکردگی سے مطمن نہیں ہوں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ اچھا ہے کہ باہر کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں،راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اچھا کراؤڈ آتاہے، امید ہے پچھلی دفعہ کی طرح اس بار بھی شائقین کرکٹ میچ دیکھنے آئیں گے۔

اظہر علی نے کہا کہ ہم یہی سوچ رہے ہیں کہ ہمیں بہترین پرفارمنس دینی پڑے گی بنگلا دیش کو ہرانے کے لیے ہم تیار ہیں، پاکستان کا نیا باولنگ اٹیک اچھا ہے لیکن پہلے بھی کہا تھا کہ اسے وقت دینا پڑے گا۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف جیت کی لگن سے میدان میں اتریں گے۔اور ہم ہر شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، گرین شرٹس اور بنگال ٹائیگر نے آج خوب پریکٹس کی جب کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کےلے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا اور میچ کیلئے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

واضح رہے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

Comments are closed.