لاہور: پاکستان ایک اور میگا ایونٹ کے لئے تیار۔۔۔ کبڈی کے عالمی میلے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دیگر ممالک کی کبڈی کی ٹیمیں لاہورپہنچ گئی۔
اسپورٹس بورڈ ترجمان کے مطابق پنجاب بورڈ کے حکام نے غیرملکی کھلاڑیوں کا واہگہ بارڈر پر استقبال کیا، اسپورٹس بورڈ کی جانب کھلاڑیوں کو پھول پیش کئے گئے۔ جس کے بعد بھارتی کبڈی ٹیم کو سخت سیکورٹی میں واہگہ سے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔
کبڈی ورلڈکپ کے لیے شرکت کرنے والی بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گرلال سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان آ کر بہت عزت ملی ہے۔ پاکستان بھارت میں موسم بہت اچھا باقی ملکوں میں ایسا موسم نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان گر لال سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی بہت مضبوط ٹیم ہے مقابلہ اچھا ہوگا۔ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی سینئرکھلاڑی ہیں دیگر کھلاڑی بھی کل تک آجائیں گے۔ پاکستانی حکومت اور فیڈریشن کے بہت مشکور ہیں پاکستان میں آکر ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ ہماری زبان اور ثقافت آپس میں ملتے ہیں۔
بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مقابلہ سخت ہو گا، پاکستان میں آکر بہت پیار اور عزت ملی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر کھیل کے مقابلے ہونے چاہئیں۔دونوں ممالک میں موسم ایک جیسا ہے جس کی وجہ سے کبڈی کا ماحول بہت زبردست ملے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب تیمور بھٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مثبت امیج کو پوری دنیا میں پہنچانا ہے، کبڈی ورلڈ کپ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہو رہا ہے، اگے جا کر انٹرنیشنل میراتھن بھی کروانے کا ارادہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے، اس سے پاکستان کا نام روشن ہوگا ، پنجاب میں دس انٹرنیشنل ٹیم آئیں ہیں۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے، پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کو سارا کریڈٹ جاتا ہے۔
اُدھر پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ کی دھوم مچ گئی ہے، پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں عارضی ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے، ہسپتال دس بیڈز پرمشتمل ہے، کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں عارضی ہسپتال استعمال کیا جا سکے گا، ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ٹورنامنٹ جاری رہنے تک موجود رہیں گے۔
کبڈی ورلڈ کپ کا آغاز اتوار سے پاکستان میں ہوگا، ایونٹ میں پاکستان سمیت دس ممالک کے پہلوان شرکت کریں گے۔ جرمنی ،ایران اور آذربائیجان کے بعد بھارت کی کبڈی ٹیمیں بھی پاکستان پہنچ گئیں۔ مقابلے 12 اور 13 فروری کو فیصل اباد اور 14 فروری کوگجرات میں ہوں گے۔ سیمی فائنلز 15 اور فائنل 16 فروری کو لاہورمیں ہوگا۔ فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جاے گا۔
Comments are closed.