کرکٹ، کبڈی کےبعد بین الاقوامی باکسنگ لیگ کا 19 مارچ سے پاکستان میں انعقاد

اسلام آباد: کرکٹ، ریسلنگ اور کبڈی کے بعد باکسنگ کے عالمی مقابلوں کے پاکستان میں انعقاد کا اعلان کر دیا گیا ہے، ملک میں پہلی انٹرنیشنل باکسنگ لیگ کا انعقاد 19 مارچ سے ہوگا۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں پہلی باکسنگ لیگ کرانے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ہی شائقین کے لئے لیگ کے مفت ٹکٹ فراہم کرنے کی خوشخبری بھی سنائی۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  اسلام آباد میں بھی 8 پروفیشنل مقابلے ہوں گے، باکسنگ لیگ کے ذریعے لوگوں کو بھرپور تفریح کا موقع فراہم کیا جائے گا، 19 مارچ سے شروع ہونے والی پہلی لیگ کے بعد ہر 2، 3 ماہ بعد پاکستان میں باکسنگ کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں نوجوانوں کو مناسب ماحول اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، باکسنگ لیگ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں بھی باکسنگ لیگ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے جاری مقابلوں کے حوالے سے عامر خان نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹرز کی پاکستان آمد کو خوش آئند ہے،کرکٹ کا مداح ہونے کی حیثیت سے پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں تاہم اس ایونٹ میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگ کو سپورٹ کروں گا۔

Comments are closed.