کورونا وائرس کا خطرہ، غیرملکی کھلاڑیوں کا پی ایس ایل چھوڑ کر واپس جانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی خراب ہوتی صورتحال میں فلائٹ آپریشن بند ہونے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل بعض غیر ملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل 10 غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے اپنے اپنے ملک واپس جانے کی خواہش ظاہرکی جس کے بعد پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔

کورونا وائرس کے خوف سے اب تک پی ایس ایل چھوڑ کر واپس اپنے ملک جانے والوں میں کراچی کنگز کے الیکس ہیلز، ملتان سلطانز کے ریلی روسو اور جیمز ونس، پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھ ویٹ، لیام ڈاسن، جیمز فوسٹر (کوچ)، لوئس گریگری اور لیام لیونگ اسٹون جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز شامل ہیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کے پی ایس ایل سے آؤٹ ہونے کے بعد تمام ٹیموں کو قانون کے مطابق متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہوگی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی دے گی جب کہ پی سی بی اس ضمن میں صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہے گا اور اس دوران وہ  تمام ٹیم مالکان سے رابطے میں رہے گا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے جن میں سے اکثریتی مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ تاہم ابھی تک کسی بھی کھلاڑی کا خطرناک کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔

Comments are closed.