لاہور قلندرز کو بڑی کامیابی،پہلی بارپاکستان سپرلیگ کےسیمی فائنل میں پہنچ گئی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے اہم ترین میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف میچ جیت کر پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے اٹھائیس ویں میچ میں ملتان سلطانز نے خوشدل شاہ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 186 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے یہ ہدف کرس لین کی سنچری اور فخرزمان کی نصف سنچری کی بدولت ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور کرس لین نے ٹیم کو 100 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، فخرزمان نے 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے اور 35 گیندوں پر57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

فخر زمان کی وکٹ کے بعد کرس لین نے 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد کپتان سہیل اختر کے ساتھ مل کر لاہور قلندرز کو جیت کی جانب گامزن رکھا اور پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری 52 گیندوں پر مکمل کی۔

کرس لین اب تک ایونٹ میں لاہور قلندرز کی جانب سے سنچری کرنے والے پہلے بلے باز ہیں۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ معین علی اور ذیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں معین علی کو پویلین واپس بھیج دیا اور اگلے ہی اوور میں ذیشان بھی محمد حفیظ کا شکار بنے، دونوں بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شان مسعود اور روی بوپارا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، شان مسعود 42 اور روی بوپارا 33 رنز بنانے کے بعد ڈیوڈ ویسا کا شکار بنے۔ ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔

اختتامی اوورز میں خوش دل شاہ اور روحیل نذیر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے لیے مشکلات کھڑی کردیں اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا مجموعہ دینے میں کامیاب رہے۔ روحیل نذیر 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔  جب کہ خوش دل شاہ نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وہ 29 گیندوں پر 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ٰڈیوڈ ویسا اور شاہین آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے وطن واپسی کا فیصلہ نہیں کیا اور آج ملتان سلطانز کے خلاف تمام غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔

Comments are closed.