اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام 128 کھلاڑیوں اور اسٹاف ممبران کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے17مارچ کو پی ایس ایل 2020 میں شریک کُل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے جن کی رپورٹس آج پی سی بی کو موصول ہوگئی ہیں جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کی جانب سے16 مارچ کو کروائے گئے کرونا وائرس کے تمام 17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی ساکھ کے لیے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرزاورٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آئے۔
انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اوروہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھراپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں، پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔
وسیم خان نے تمام مداحوں سے درخواست کی کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں، ہم حفظانِ صحت کے اصولوں پرعمل کرکے اس وبا سے نجات حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ہمیں مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے دور رہیں اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں جب کہ پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پرآئیں اورخواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔
Comments are closed.