جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز منسوخ
جنوبی افریقہ نے آئی سی سی کی منظوری کے بعد آسٹریلیا کے حق میں سپر لیگ کے تمام 30 پوائنٹس ضائع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دسمبر اور جنوری میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول کے مطابق آگے بڑھے گی۔
سڈنی : جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال جنوری میں آسٹریلیا میں شیڈول ایک روزہ بین الاقوامی سیریز منسوخ کر دی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز کو منسوخ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہوبارٹ، سڈنی اور پرتھ میں 12، 14 اور 17 جنوری، 2023 کو ہونے والے وائٹ بال میچز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس سیریز کا وقت جنوبی افریقہ کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ کے ساتھ متصادم تھا جس سے بچنے کے لیے نئی تاریخوں کی درخواست دی گئی جسے ایڈجسٹ نہیں کیا جا سکا۔
آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ یہ مایوس کن ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم جنوری میں ون ڈے سیریز میں حصہ نہیں لے سکے گی۔ یہ سیریز آئی سی سی سپر لیگ کا حصہ تھی جس سے 2023 ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی ہونے والی ٹیم کا فیصلہ ہونا تھا۔ کرونا وبا کے باعث پہلے سے ملتوی بیک لاگ کا مطلب ہے کہ مئی میں کوالیفکیشن کٹ آف سے پہلے ری شیڈول کرنے کے لیے کوئی ونڈو دستیاب نہیں ہے جس کے بعد جنوبی افریقہ نے آئی سی سی کی منظوری کے بعد آسٹریلیا کے حق میں سپر لیگ کے تمام 30 پوائنٹس ضائع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف دسمبر اور جنوری میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول کے مطابق آگے بڑھے گی۔ آسٹریلیا کے تین دیگر ہوم سیریز کے میچز کے مقامات میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔سات اکتوبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف مردوں کا ٹی ٹوئنٹی میچ گولڈ کوسٹ سے برسبین منتقل ہو گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل دو دن بعد برسبین سے پرتھ منتقل ہو گیا ہے۔ 26 جنوری، 2023 کو پاکستان کے خلاف خواتین کا ٹی ٹوئنٹی میچ کینبرا سے ہوبارٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.