زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست ، شاہینوں کا ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ 

راولپنڈی :پاکستان نے زمبابوے  کو  تیسرے  اور آخری  ٹی  ٹوئنٹی  میں  بھی  8  وکٹوں سے  شکست  دیکر سیریز تین ،صفر سے اپنے نام کرلی ۔ نوجوان  لیگ  اسپینرعثمان قادر کوبہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ اور سیریز قرار دیا گیا۔

سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا،زمبابوے کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز ہی بنا سکی۔۔عثمان قادر نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چار وکٹیں اپنے نام کیں۔چبابھا 31 اور تریپانو 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان نے ہدف بآسانی 16ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق 41 ناٹ آئوٹ کے ساتھ  ٹاپ  اسکورر رہے۔نوجوان بلے باز خوشدل شاہ نے صرف 15 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

عثمان قادر کو صرف 13 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرنے  پر مین آف دی میچ اور سیریز میں  مجموعی  طور پر آٹھ وکٹیں  لینے پر مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

وائٹ   واش کے  ساتھ  ہی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں کسی ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ مسلسل فتوحات کا ریکارڈ پاکستان کے نام ہوگیا۔گذشتہ روز دوسرے ٹی 20 میں 8 وکٹ سے کامیابی پاکستان کی زمبابوے پر لگاتار 13 ویں فتح شمار ہوئی، اس سے قبل افغانستان نے آئرلینڈ کو مسلسل 12 مرتبہ زیر کیا تھا، بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان زمبابوے پر 8، 8 لگاتار فتوحات حاصل کرچکے ہیں۔

Comments are closed.