پاکستان ہاکی فیڈریشن نے فنڈز نہ ہونے کے باعث قومی کھیل کو ختم کرنے کی تجویز دے دی۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بتایا کہ اتنے پیسے نہیں کہ سینیئر جونیئر دونوں ٹیمیں باہر لے جائیں اور کھلاڑیوں کو معاوضہ ادا کریں۔
قومی اسمبلی کا قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس آغا حسن بلوچ کی صدارت میں ہوا۔پاکستان ہائی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لیے صوبائی سطح پر بھی کوششیں کی جانی چاہئیں۔
ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ 10 فیصد کوٹے کی جگہ ایک فیصد کوٹہ رہ گیا ہے،کھلاڑیوں کو جامعات میں داخلہ نہیں ملتا۔ اسکالرشپس کے ساتھ ساتھ مراعات بھی ختم کر دی گئیں ہیں۔کمیٹی اراکین نے تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ 3 دہائیوں میں ہم اس کھیل میں مسلسل زوال کا شکار ہو رہے ہیں۔پاکستان ہاکی میں نمبرون ہوتا تھا۔
کمیٹی نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہاکی کو بھی شامل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ہاکی کھلاڑیوں کے لیے نوکریاں فراہم کرنے کی تجویز بھی دے دی۔کمیٹی نے پی سی بی کا ایجنڈہ مہرین بھٹوکی عدم موجودگی کے باعث موخر کردیا۔آئندہ اجلاس لاہور میں طلب کر لیا گیا۔
Comments are closed.