ساوتھمپٹن ٹیسٹ کا پہلا روز۔۔۔ پاکستان کے 126 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ

ساوتھمپٹن: پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 126 رنز اسکور  کیے۔

اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں شکست کو بھلا کر پاکستان ساؤتھمپٹن میں میزبان ٹیم سے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہے جہاں میچ کے پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر شان مسعود اس بار صرف ایک رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔  کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 85 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد واپسی کی راہ لی۔

پاکستان کے تیسرے بلے باز عابد علی بھی کیورن کے ہاتھوں برنس کو کیچ دے بیٹھے، انہوں ںے 111 گیندوں میں 60 رنز اسکور کیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی چوتھی وکٹ 117 رنز پر اسد شفیق کی گری جنہوں ںے 5 رنز بنائے۔ 24 ویں اوور میں میچ بارش کے باعث روک دیا گیا اور اس دوران ہی کھانے کا وقفہ کیا گیا۔ کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 62 رنز بنالیے تھے۔

ٹیم کی پانچویں وکٹ 120 کے اسکور پر گری، کرکٹر فواد عالم کو شاداب خان کی جگہ 11 برس بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تاہم وہ بغیر رن بنائے ووکس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے آخری بار 2009ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

Comments are closed.