نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد گروپ ون کی صورتحال اب کیا ہے؟
نیوزی لینڈ کا آخری میچ آئرلینڈ کے ساتھ 4 نومبر کو ہے، بظاہر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے تاہم اگر نیوزی لینڈ آئرلینڈ سے بھاری مارجن سے ہار جائے تب ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ ، نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سیمی فائنل میں جاسکتے ہیں۔
آسٹریلیا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں گروپ ون کے اہم ترین میچ میں آج انگلینڈ نے اب تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کو با آسانی 20 رنز سے شکست دی اور سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔
اس میچ کے بعد اب آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے 5،5 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ان تینوں ٹیموں کا ایک ایک میچ باقی ہے۔ رن ریٹ کے اعتبار سے نیوزی لینڈ سب سے آگے، دوسرے نمبر پر انگلینڈ اور تیسرے پر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ہے۔
باضابطہ طور پر اب تک کوئی بھی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی ہے البتہ سری لنکا سے شکست کے بعد آج افغانستان ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کا آخری میچ آئرلینڈ کے ساتھ 4 نومبر کو ہے، بظاہر نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ چکا ہے تاہم اگر نیوزی لینڈ آئرلینڈ سے بھاری مارجن سے ہار جائے تب ہی آسٹریلیا اور انگلینڈ ، نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سیمی فائنل میں جاسکتے ہیں۔
آسٹریلیا کا آخری میچ افغانستان اور انگلینڈ کا سری لنکا سے ہے۔ اگر نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا اپنے اپنے میچز جیت جائیں تو پھر گروپ ون کی دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ رن ریٹ پر ہوگا۔ لہٰذا ان ٹیموں کو اپنے میچز نہ صرف جیتنے ہوں گے بلکہ اچھے مارجن سے فتح حاصل کرنی ہوگی۔
آسٹریلیا کا آخری میچ افغانستان کے ساتھ 4 نومبر کو ہے۔ چونکہ نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کا میچ ہوچکا ہوگا تو آسٹریلیا کو معلوم ہوگا کہ اسے میچ میں کیا کرنا ہے اور رن ریٹ بہتر کرنے کیلئے کتنے مارجن سے جیتنا ہے۔ اگر آسٹریلیا میچ جیتنے کے باوجود اپنا رن ریٹ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے بہتر نہ کرسکا تو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کسی بھی مارجن سے میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔
انگلینڈ کو یہ ایڈوانٹج ہے کہ اس کا آخری میچ سری لنکا کے ساتھ پانچ نومبر کو ہے یعنی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچز کے ایک دن بعد، اس لحاظ سے انگلینڈ کو واضح طور پر یہ علم ہوگا کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اسے کتنے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہے۔
سری لنکا کا آخری میچ انگلینڈ سے 5 نومبر کو ہے۔ سری لنکا کے پاس بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کا چانس ہے لیکن اس کیلئے ضروی ہے کہ آسٹریلیا یا نیوزی لینڈ میں سے کوئی ایک ٹیم اپنا میچ ہار جائے اور سری لنکا انگلینڈ کو شکست دے دے۔
آئرلینڈ باضابطہ طور پر تو ایونٹ سے باہر نہیں ہوا البتہ اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات نہایت ہی کم ہیں۔ آئرلینڈ کو نہ صرف نیوزی لینڈ کو بھاری مارجن سے شکست دینی ہوگی بلکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی شکست کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔ اس صورتحال میں آئرلینڈ کا اس وقت مشن یہی ہے کہ وہ گروپ ون میں چوتھی پوزیشن پر اختتام کرے اور اگلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرجائے۔
افغانستان پہلی ٹیم ہے جو ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہے۔ اس کا آخری میچ آسٹریلیا کے ساتھ ہے جو رسمی کارروائی ہے البتہ اگر افغانستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی تو دیگر ٹیموں کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
Comments are closed.