ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ سسٹم کا اعلان، پاکستان کی شمولیت کارکردگی سے مشروط

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے آئندہ دو شیڈولڈ مینز اور ویمنز ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے کوالیفائنگ سسٹم کا اعلان کر دیا ہے، پاکستان کی ورلڈ کپ میں شمولیت ایشیا کپ میں کارکردگی سے مشروط ہوگی۔

کوالیفائنگ سسٹم کے فارمولے کی منظوری سوئٹزرلینڈ کے شہر لاوسانے میں ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی ہے۔ مینز ورلڈ کپ میں تمام 16 ٹیمیں براعظمی درجہ بندی کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ حاصل کر سکیں گی۔جب کہ 2023ء کے ہاکی ورلڈ کپ میں 2021ء کی براعظمی چیمپئن شپس کی درجہ بندی پر جگہ ملے گی۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے مطابق ورلڈ کپ 2023ء کے لیےعلیحدہ کوالیفائنگ راونڈ نہیں کھیلا جائے گا۔ ایشیا سے میزبان بھارت سمیت 4 ممالک کو ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔ ہاکی ورلڈ کپ 2023ء میں یورپ سے سات ملک شرکت کریں گے۔

اوشیانا اور پین امریکا سے 2 ، 2 جب کہ افریقا سے ایک ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کی حق دار ہوگی۔ پاکستان کے پاس ایشیا کپ کی تین بہترین ٹیموں میں جگہ بناکر ورلڈکپ کا ٹکٹ پانے کا سنہری چانس موجود ہے۔

Comments are closed.