سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا امریکی صدر کے بیان پر سخت ردعمل

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پرسخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سعودی عرب کو بھیک نہیں دیتا بلکہ جو بھی فوجی سازوسامان خریدتے ہیں اس کی پوری پوری قیمت ادا کرتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ جب سے امریکا سے تعلقات کا آغاز ہوا ہے تب سے سعودی عرب ہر چیز کی قیمت ادا کرتا آیا ہے۔

بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اس بیان سے دونوں ملکوں کے تعلقات خراب نہیں ہوں گے تاہم غلط فہمیوں کو دورکر کے مضبوط تعلقات قائم کئے جاسکتے ہیں۔

محمد بن سلمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اتحادی اپنے اپنے ملکی اور سیاسی مفاد کے تحت ہر قسم کی بات کرتے ہیں اور ایسا ممکن نہیں کہ ہر اتحادی ملک سو فیصد آپ کے حق میں ہو۔

خیال رہے کہ  گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مجمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی بادشاہ کو اپنی حفاظت کے لیے امریکا کو معاوضہ ادا کرنا ہوگا اور امریکہ کے بغیر وہ  دو ہفتے بھی اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔

Comments are closed.