امریکی صدرٹرمپ نے روسی ہم منصب سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے جی ٹوئنٹی اجلاس کے دوران پہلے سے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی۔

جی ٹوئنٹی اجلاس 30 نومبر سے یکم دسمبر تک ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں منعقد ہو رہا ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہونا تھی۔

امریکی صدر نے اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہونے سے قبل روسی صدر سے ملاقات کا کہا لیکن پھر انہوں نے اچانک ہی سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے بحری جہاز اور عملے کی واپسی نہ ہونے کی اطلاعات پر روسی صدر کے ساتھ پہلے سے طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ روس اور یوکرین کا معاملہ حل ہوتے ہی ارجنٹائن میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ دوبارہ بامعنی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔

Comments are closed.