نیویارک: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے ایران کے شہر اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو الزام تراشی کے بجائے اندرونی صورتحال پر توجہ دینا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے امریکا کے خلاف ایران کی الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکمرانوں کو ملک میں بدامنی کی وجوہات پر توجہ دینا ہوگی۔ ایرانی عوام جگہ جگہ احتجاج کررہے ہیں، ایران کی حکومت نے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے لہذا ایران خود کو آئینے میں دیکھے اور پھر بات کرے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے ایران کے حالیہ الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کا دہشت گردی اور تشدد کے خلاف بڑا واضح اور تاریخی موقف ہے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل اہواز میں پریڈ کے دوران حملے میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں سمیت 39 افراد جاں بحق ہوئے تھے جس پرایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ خلیجی ملک امریکی پشت پناہی سے ایران مخالف عرب گروہوں کوعسکری اور مالی امداد دے رہے ہیں۔
Comments are closed.