محمد بن سلمان کو خاشقجی قتل کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سی آئی اے کو لگتا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا ہاتھ ہے لیکن انہیں قتل کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے ایک ہفتے قبل اپنی ایک رپورٹ میں نتائج اخذ کیے تھے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا حکم دیا تھا۔

امریکی صدر نے سی آئی اے رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں جرائم اور اس کے چھپانے سے نفرت کرتا ہوں اور میں بتانا چاہتا ہوں کہ سعودی ولی عہد مجھ سے بھی زیادہ جرائم سے نفرت کرتے ہیں’۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی جانب سے جمال خاشقجی کے قتل میں ان کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید بھی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے کیوں کہ دنیا ‘شیطانی جگہ’ہے۔

دوسری جانب ترک وزیرخارجہ میلوت کیوس اوگلو کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات اشارہ دے رہے ہیں کہ وہ جمال خاشقجی کے قتل پر آنکھیں بند رکھنا چاہتے ہیں۔

Comments are closed.