افغانستان میں علما کے اجتماع میں خودکش دھماکہ، 50 سے زائد جاں بحق

کابل: افغان حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں علما کے ایک اجتماع میں خودکش دھماکے سے کم از کم 50 افراد جاں بحق جب کہ 90 زخمی ہوگئے ہیں۔علما کابل کے ہوائی اڈے کے قریب واقع یورینس شادی ہال میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی یوم ولادت کی تقریب کے لیے جمع تھے۔

بتایا گیا ہے کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت ہال میں ایک ہزار کے قریب افراد موجود تھے۔ کابل پولیس کے ترجمان باصر مجاہد کے مطابق اسلامی علما اور ان کے پیروکارعید میلاد النبیؐ کے موقع پر قرآن کی آیات کی تلاوت کے لیے اکٹھے ہوئے تھے۔

حکام کے مطابق خودکش بمبار داخل ہونے کے بعد اجتماع کے مرکزی حصے میں پہنچا جہاں اس نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے اس ’دہشت گرد حملے‘ کی مذمت کی ہے۔ اور بدھ کو قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے بھی اس دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی ’دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی’ کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس کیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان زبیع اللہ مجید نے منگل کو ہونے والے دھماکے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

Comments are closed.