اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں ’سالانہ عام بحث‘ کا آغاز

نیو یارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں’سالانہ عام بحث‘ کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 100 سے زائد عالمی رہنما خطاب کریں گے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 18 ستمبر سے شروع ہونے والا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73 واں اجلاس جاری ہے جہاں 25 ستمبر سے رکن ممالک کے سربراہان کی تقاریرکا آغاز کیا گیا۔ باضابطہ افتتاح اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اپنے خطاب سے کیا۔

سربراہان مملکت اورنمائندوں کی سالانہ عام بحث کا اجلاس 29 ستمبر تک بلا تعطل جاری رہے گا جبکہ یکم اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں بحث کو سمیٹا جائے گا۔ اس دوران دنیا کے 100 سے زائد ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں جہاں اُن کی معاونت کے لیے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی موجود ہیں۔ بھارتی وزیرخارجہ شسما سوارج بھی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں۔

اس اجلاس کی خصوصی بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اپنی شیرخوار بیٹی اور شوہر کے ہمراہ اس اجلاس میں شرکت کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک شیرخوار بچہ بھی جنرل اسمبلی اجلاس کی کارروائی میں شریک ہے۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کا اختتام یکم اکتوبر کو ہوگا اورمجموعی طور پر133 ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت نے اس اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گزشتہ برس اس اجلاس میں 114 رہنما شریک ہوئے تھے۔

Comments are closed.