امریکی پابندیاں اقتصادی دہشتگردی ہے سینہ تان کر مقابلہ کریں گے، ایرانی صدر

تہران:  ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے پابندیاں اقتصادی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ ایران پر پابندیاں غیرقانونی اور ناانصافی ہے، غیور ایرانی عوام سینہ تان کر اس اقتصادی دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے اور ظلم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کےمطابق ايران کے صدرحسن روحانی نےدارالحکومت تہران ميں افغانستان، چين، پاکستان اور ترکی سے آنے والے صحافيوں سے بات چيت کی اور امریکی پابندیوں کے بعد ایران میں پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکی اقتصادی دہشت گردی کا مقصد افراتفری اور بے یقینی کی صورت حال پیدا کرنا ہے تاکہ ديگر ممالک ایران میں سرمايہ کاری سے خوف زدہ ہو جائیں اور جب تجارت نہیں ہوگئی تو ملک زبوں حالی کا شکار ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی معیشت کو بحرانی کیفیت کا سامنا نہیں ہے، ایرانی حکومت عوام کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی گاڑی کی رفتار مزید تیز ہو گی جس کے لیے دوست ممالک کا تعاون بھی حاصل ہے۔

Comments are closed.