بارسلونا۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری آج بھارتی غاضبانہ قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال منا رہے ہیں۔
یوم استحصال کے حوالے سے بارسلونا میں تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ بارسلونا میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے بھرپورانداز میں شرکت کی۔تقریب میں قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چویدری نے خصوصی شرکت کی
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی نے کہاہے کہ کشمیر کے ساتھ پاکستان کے رشتے کو کبھی ختم نہیں کیاجاسکتا۔بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کرکے کشمیر کے تشخص کو نقصان پہنچانے کے ساتھ کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی ہے جسے کشمیری قوم نے نے مسترد کردیا۔
انھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں میں واضح طور پر قرار دے چکی ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیری ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریں گے۔ اب وقت آگیاہے کہ اقوام متحدہ اپنے فیصلوں پر عمل درآمد کو ممکن بنائے تاکہ کشمیر کی عوام چین کی زندگی بسر کرسکیں۔
دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی کشمیر کو آزادی ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔قونصل جنرل بارسلونا نے تقریب میں شرکت کرنے والے شہریوں کاخصوصی شکریہ اداکیا۔
گزشتہ برس 5 اگست کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنے ساتھ غیر قانونی طریقے سے ضم کر لیا تھا، ساتھ ہی جموں اور لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی جس کے بعد سے وادی بھر میں سخت کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے۔
Comments are closed.