سپین کے شہر بارسلونا کے ایک گھر میں آتشزدگی۔۔3 پاکستانی جاں بحق،4 زخمی

بارسلونا: سپین کے شہر بارسلونا میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر ایک گھر میں آگ لگنے سے 3 پاکستانی جاں بحق جب کہ 4 جھلس کر زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

مقامی خبررساں ادارے الپاریو کے مطابق بارسلونا شہر کے ساحلی علاقے بارسلونیتا کے ایک چھوٹے سے گھر میں آگ لگی جہاں پر 7 پاکستانی جن میں کچھ آپس میں رشتے دار بتائے جاتے ہیں رہائش پذیر تھے، یہ ایک 35 مربع میٹر کی چھوٹی سی رہائشگاہ ہے جس کا ماہانہ کرایہ 700 یورو تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق اس افسوس ناک واقعے کا شکار ہونے والے ان 7 افراد میں سے تین پاکستانی بارسلونا شہر میں سیاحوں کے لئے موٹرسائیکل رکشہ چلاتے تھے،جب کہ باقی چار ساحل سمندر پر چھوٹی موٹی اشیاء بیچ کر گزر بسر کرتے تھے۔

آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مظہر سلیم، ابوسفیان اور سرفراز احمد کے نام شامل ہیں، مظہر سلیم اور ابو سفیان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان جب کہ سرفراز احمد کی عمر 40 سال کے قریب تھی اور مرنے والوں میں وہی شادی شدہ تھا، سرفراز احمد کے تین بچے اور اہلیہ پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔

معمولی زخمی نے بتایا کہ آگ صبح 6 بجے کے قریب لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے بعد چار افراد رہائش گاہ سے بھاگ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد مرکزی دروازے پر لگا لوہے کا دروازہ بند ہو گیا جس کے بعد باہر والوںکے لئے اندر پھنسے لوگوں کی مدد ناممکن تھی۔

اُس کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے اپنے ساتھیوں کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن لوہے کا دروازہ اندر سے بند ہونے اور آگ کے بھڑکتے شعلوں نے ہمارے لئے ایسا کرنا ناممکن بنا دیا، دراصل باہر بھاگ کر نکل آنے والوں میں سے کسی کے پاس مین گیٹ کی چابیاں نہیں تھیں کہ دروازے کو کھولا جا سکے‘‘۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات اور جائے حادثے سے ملنے والے شواہد کی بنیاد پر آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ ظاہر ہوتا ہے، خدشہ یہ ہے کہ شارٹ سرکٹ رکشہ بیٹریوں کی وجہ سے ہوا جو کمرے میں موجود تھیں۔

آگ بجھانے والے اور امدادی اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے تو آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا، فائر فائٹرز کی دس ٹیموں نے آگ پر قابو پایا۔ امدادی ٹیموں نے زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے، تاہم ایک زخمیوں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

Comments are closed.