سفارتخانہ پاکستان میڈرڈ میں یومِ تشکر کی ایک شاندار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد سفیر پاکستان جناب ظہور احمد نے قومی پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حالیہ صریح خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، جنہیں بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرائم کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے عام شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا ایک قابلِ نفرت اور انسانیت سوز عمل ہے، جو عالمی ضابطۂ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سفیر ظہور احمد نے اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور اُن شہداء کو یاد کیا جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔
انہوں نے کمیونٹی کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ہسپانوی وزیر خارجہ جوزے مینوئل الباریس کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے بھی آگاہ کیا، جس میں سینیٹر ڈار نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات، پروپیگنڈہ مہم، اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ ہسپانوی وزیر خارجہ نے پاکستان کی امن پسندی کی پالیسی کو سراہتے ہوئے شفاف تحقیقات کی حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ و کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کا اختتام شہداء کے ایصالِ ثواب، ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا سے ہوا، جس کے بعد شرکاء میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
Comments are closed.