سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور کی بارسلونا میں کمیونٹی ممبران سے ملاقات

سفیر پاکستان شجاعت راٹھور نے سابق قونصل جنرل سلمان بابر کیس سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ وہ اس پر بات نہیں کریں گے

سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت راٹھور اور قائمقام قونصل جنرل شازیہ منیرنے بارسلونامیں پاکستانی کمیونٹی کےممبران سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انھوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے کہاکہ سیلابی صورتحال ختم ہوجائے گی لیکن اس کے بعدسیلاب زدگان کی بحالی کے لئے بہت زیادہ فنڈزکی ضرورت ہوگی۔ملک کوتارکین وطن پاکستانیوں کی مدد کی ضرورت ہے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد لازمی کرنی چاہیے۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ وہ یہ نہیں کہیں گے آپ فنڈز صرف حکومت کو ہی دیں آپ کوئی بھی ایسا پلیٹ فارم جس سے آپ مطمئن ہوں وہاں فنڈ بھیج دیں لیکن اس مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد ضرور کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات ہیں۔ انھوں نے سپین میں مقیم پاکستانیوں کی سیلاب زدگان کے لئے فنڈز اکٹھا کرنے کے اقدام کو سراہا۔

قائمقام قونصل جنرل شازیہ منیرنے بتایاکہ سپین وزرات خارجہ کے ساتھ حکومت پاکستان کے بنک اکاونٹس شئیر کردئیے گئے ہیں آپ فنڈزادھر بھی بھیج سکتے ہیں۔ اگر فنڈز بھیجنے کے لئے کسی بھی قسم کی رکاوٹ آئے تو سفارتخانہ اور قونصل خانہ کو آگاہ کریں اس حوالے سے مکمل مدد کی جائے گی۔

ملاقات میں شریک کمیونٹی ممبران مختلف اشیا بھیجنے اور رقم کی ترسیل میں رکاوٹ کا نقطہ اٹھایا جس پر سفیر پاکستان نے کہاکہ اشیا وہاں نہ بھیجیں کوشش کریں کہ صرف پیسے بھیجیں تاکہ ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اشیاء خریدی جاسکیں۔ پیسوں کی ترسیل پر انھوں نے کہاکہ اس حوالے سے سپین کے قوانین سخت ہیں ان کی پیروی لازمی ہے۔ کمیونٹی ممبران نے سیلاب زدگان کے کئے فنڈز اکٹھے کرنے کی مہم میں شانہ بشانہ اور اتفاق واتحاد کے ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سفیر پاکستان شجاعت راٹھور نے سابق قونصل جنرل سلمان بابر کیس سے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ وہ اس پر بات نہیں کریں گے ناں ہی یہ آج کا موضوع گفتگو ہے

Comments are closed.