بارسلونا،قونصل خانہ پاکستان کا پاکستانی نژاد، پاکستان دوست خواتین و حضرات کو خراجِ تحسین
ڈاکٹر عرفان مجید راجہ
بارسلونا، اکتیس اکتوبر ۲۰۲۱، پاکستانی قونصل خانہ بارسلونا نے “یومِ خواتین” کے عنوان کے تحت رنگا رنگ پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام بارسلونا کے معروف تھیئٹر الییانسا پویبلو نُوو کے وسیع ہال میں ترتیب دیا گیا۔ تقریب کا آغاز کلام پاک سے کیا گیا، ابتدائیہ قونصل جنرل آف پاکستان عمران علی چوہدری نے پیش کیا۔ ابتدائیہ میں قونصل جنرل آف پاکستان نے پاکستان میں خواتین کے ہر شعبہ زندگی میں کردار پر پُر اثر تصویری اور ویڈیوز کی صورت میں روزشنی ڈالی۔ پروگرام کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
پروگرام میں تعلیم، صحت، معاشرت، انتظامی امور اور کھیل جیسے شعبوں میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی نژاد اور ہسپانوی خواتین کو اسناد اور میڈلز سے نوازا گیا۔ پاکستانی نژاد خواتین اور ہسپانوی خواتین جنھوں نے کسی بھی شعبے میں پاکستانی کمیونٹی کو اپنایا، کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور گراں قدر خراج تحسین پیش کیا۔
پروگرام میں ہسپانوی صحت، پولیس، کاتالونیہ پارلیمان اور عدلیہ جیسے اداروں کے خواتین و حضرات کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز عطا کی گئیں۔ بارسلونا کی پہلی پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو شاندار طریقے سے پیش کیا گیا۔ پروگرام میں ہسپانوی اداروں سے قونصل جنرل نے ہنگامی بنیادوں پر خواتین کے لیے کرکٹ گراؤنڈ مکمل کرنے کی درخواست کی جو تا وقت تعمیری مراحل میں ہے۔

تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی عملہ نے بھر پور شرکت کی۔ پاکستانی کمیونٹی نے جوق در جوق شمولیت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے اور بحثیت قوم ہسپانوی نمائیندوں کو بہترین نذرانۂ محبت و عقیدت پیش کیا۔پروگرام میں پاکستانی ملی نغمے، کتھک رقص نے سماں باندھ دیا اور معروف پاکستانی نعت خواں اور صوفی گلوکار جناب قدیر احمد خان کے کلام نے پروگرام میں رنگ بھر دیے۔ اُن کے علاوہ جانی سیالکوٹیا نے نغمہ پیش کیا۔ ڈاکٹر ارم بتول کی نظم پر ہسپانوی رقاص گروپ “نہال” نے شاندار رقص پیش کیا۔
ساڑھے تین گھنٹے کی اس طویل نشست میں ہر شعبہ ہائے زندگی میں خواتین کے کردار کو سراہا گیا۔ سٹیج پہ حافظ احمد اور ڈاکٹر ارم کی موجودگی نے ماحول کو چار چاند لگائے رکھے۔ سٹیج پر محترمہ سحر نعیم اور سید شیراز شاہ نے اُن کا ساتھ دیا۔
تقریب کے آخر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے قونصلیٹ جنرل کے خواتین عملہ کو اُن کی خدمات کے سلسلے میں اعترافی میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ پی ٹی آئی سپین کی طرف سے قونصلیٹ جنرل عمران علی چوہدری کو اُن کی خدمات کے اعتراف میں صدر پی ٹی آئی سپین شیراز بھٹی نے معروف سماجی شخصیت کونسلر بارسلونا سٹی کونسل طاہر رفیع کے ہمراہ شیلڈ سے نوازا۔پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی طرف سے اس پروگرام کو واقعی ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے جو یقیناً پاکستانی اور ہسپانوی کمیونٹی کو مزید قریب لائے گا۔
Comments are closed.