کیلیفورنیا:ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 4 بھارتی شہریوں کی لاشیں برآمد
چاروں کچھ روز سے لاپتہ تھے، پولیس تلاش میں تھی،مرسڈ کائونٹی پولیس کو کسان نے لاشوں سے متعلق آگاہ کیا،مرنے والوں میں 2 مرد، ایک خاتون اور ایک 8 ماہ کی بچی شامل
امریکی ریاست کیلیفورنیا کی مرسڈ کائونٹی پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے خاندان کے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں چند روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔پولیس پچھلے کچھ دنوں سے اس خاندان کی تلاش کر رہی تھی۔ان میں 27 سالہ جسلین کور، 36 سالہ جسدیپ سنگھ، 39 سالہ امن دیپ سنگھ اور ایک آٹھ ماہ کی بچی شامل تھی۔
پولیس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ان کے پاس مشتبہ ملزمان سے متعلق معلومات ہیں۔لیکن اس بارے میں وہ مزید تفصیل نہیں بتا سکتے۔پولیس نےبتایاشام ساڑھے 5 بجے ہمیں ایک کسان نے اس بارے میں فون کر کے اطلاع دی تھی۔جس کے بعد ان چاروں کی لاشوں کو برآمد کیا گیا۔
پولیس نے اس معاملے میں ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا تھا، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔منگل کو پولیس نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ملزم کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کریں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس خاندان کا تعلق بھارتی پنجاب کے شہر ہوشیار پور سے تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ اس خاندان کو گزشتہ پیر کو مرسڈ کے ایک کاروباری ادارے سے بندوق کی نوک پر اغوا کیا گیا تھا۔ہوشیار پور میں اس خاندان کے رشتہ داروں اور اہل انہ نے بتایا کہ ان کی گاڑی ان کے دفتر سے 20 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر جلی ہوئی پائی گئی۔ان کے موبائل بھی ملے ہیں۔ اوان کے لیے کوئی فون نہیں آیا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق امن دیپ سنگھ اور جسدیپ سنگھ کے والد رندھیر سنگھ محکمہ صحت سے اور والدہ کرپال محکمہ تعلیم سے ریٹائرڈ ہیں۔ان کے ایک پڑوسی نے بتایا کہ بچوں کے اغوا کی خبر سن کر والدین شدید صدمے میں تھے اور بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔
متوفی خاندان کے ایک رشتہ دار نے بدھ کو کہا میں اپنے پورے خاندان کی جانب سے بات کر رہا ہوں۔جو بھی مجھے دیکھ رہا ہے۔وہ اپنی دکان۔گیس سٹیشن پر یا جس کے پاس کیمرہ ہے۔براہ کرم اپنا کیمرہ چیک کریں۔اگر آپ کے پاس کوئی ایسی معلومات یا ویڈیو ہے جس سے مدد مل سکتی ہے، تو براہ کرم پولیس کو اس کے بارے میں بتائیں۔ وہ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے۔
Comments are closed.