سپین کے صوبے کاتالونیا میں کرکٹ کے فروغ کیلئے قائم ’’کاتالان کرکٹ فیڈریشن‘‘ ماضی کی غلطیاں نہ دہرانے اور امور میں شفافیت لانے کی یقین دہانی پر صوبائی فنڈز بحال کرانے میں کامیاب ہوگئی۔
کاتالونیا کی صوبائی حکومت نے مالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں پر کرکٹ فیڈریش کے فنڈز 2015 میں روک دیئے تھے، جس کے بعد تنظیم نے اپنے اکاؤنٹس کے آڈٹ سمیت دیگر کاغذی کارروائی مکمل کر کے آئندہ فنڈز کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔
باخبر ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا کہ فروری 2020 کے بعد فیڈریشن نے سرکاری اداروں جنرالیتات کاتالونیا اور آیونتا میونتو بارسلونا کی ہدایات کی روشنی میں پیپر ورک شروع کیا، آڈٹ کے دوران 43 ہزار یوروز کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا، جن میں سے 26 ہزار یورو جنرالیتات اور17 ہزار یورو آیونتا میونتو کو واپس کیے گئے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران کاتالونیا کے متعلقہ اداروں نے کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے نئی اور نوجوان عہدیداروں کی بہتر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اور انتظامی امور احسن انداز چلانے پر فنڈز بحالی کا فیصلہ کیا، پرانی باڈی پر عدم اعتماد کی تحریک کے بعد منتخب نئی ایگزیکٹیو باڈی نے تمام رقم لوکل گورنمنٹ کو واپس کرکے دوبارہ اداروں کا اعتماد بحال کرنے میں کامیابی حاصل کی، خود برد کی جانے والی رقم واپس جمع کروائی گئی ہے۔
کاتالان کرکٹ فیڈریشن نے متعلقہ اداروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ مالی و انتظامی امور کو شفاف انداز میں چلایا جائے گا جس کے بعد صوبائی حکومت نے تنظیم کے فنڈز بحال کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 6 ہزار یورو کے اجراء کی منظوری دی ہے۔ فیڈریشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رواں برس 34 ٹیموں کی لیگ کا انعقاد کرایا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ 8 جونیئر ٹیموں اور گرلز ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کاتالان کرکٹ فیڈریشن کو اس کھیل کے فروغ کیلئے 2015 سے قبل سالانہ فنڈ دیا جاتاتھا، تاہم فنڈ کے استعمال بے ضابطگیاں سامنے آنے پر صوبائی ادارے جنرالیتات نے تنظیم کے فنڈز روک دیئے تھے، اس کے ساتھ ساتھ ہسپانوی ٹیموں نے بدعنوانی کے الزامات سامنے آنے اور ناقص کارکردگی پر فیڈریشن کے زیراہتمام مقابلوں میں حصہ لینا ترک کردیا تھا، جو نئی انتظامیہ آنے کے بعد بحال ہو گیا ہے۔
Comments are closed.