بارسلونا: سپین میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کاتالونیا کی علاقائی حکومت نے مختلف علاقوں میں سخت قوانین نافذ کردیئے، جب کہ وباء پر قابو پانے کے لئے تعلیمی سرگرمیوں کو آن لائن کرنے اور ریسٹورنٹس اور بارز پر مزید لگانے پر غور جاری ہے۔
محکمہ صحت کے سیکرٹری جنرل مارک رومینول نے ریڈیو انٹرویو میں نئی پابندیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کاتالونیا میں کورونا پھیلاو روکنے کے لئے حکومت ریسٹورنٹس اور بارز پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جن کا اطلاق رواں ہفتے جمعے سے کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پرعزم ہے اور اگر عوام نے تعاون اور احتیاط نہ کی تو مزید سخت اقدامات اٹھاناپڑیں گے۔ صوبے میں بارز اور ریسٹورنٹس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے اجازت دی جاسکتی ہے۔کاتالونیا حکومت نے آئندہ 15 روز تک کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں ٹیلیفون اور آن لائن جاری رکھنے کا کہا ہے۔
واضح رہے کہ کاتالونیا میں کوروناوائرس کی مسلسل بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے جنرالیتات نے 15 علاقوں میں خصوصی اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ کورونا روک تھام کے لئے پابندیاں اور اقدامات سرکاری گزٹ میں اشاعت سے15 روز کے لئے نافذ العمل ہوں گے۔
جن علاقوں میں خصوصی اقدامات یا پابندیاں لگائی گئی ہیں ان میں بادیا دی بایس، باربیرا دی بایس، کاستیلار دی بایس، کازتیابیدبل، سردینولا دی بائس، ماتادی پیرا، پولینا، ریپویت، روبی، سبادیل، سانت گوات، سانت کیرز،سینتمنت، تیراسا،ولا دی کاویس شامل ہیں۔
صوبائی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں وقت گزاریں سماجی میل جول کو محدود کردیں۔ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صفائی کے عمل کو تیز کرناہوگا۔ ریسٹورنٹس کیفے اور بارز پر سروس کو 50 فیصد تک محدود کرنے کی سفارش بھی کی گئی یے۔
مذہبی تقریبات اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ 50 فیصد اکٹھ کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دکانوں میں جسمانی حفاظت کا فاصلہ 1.5 میٹربرقرار رکھنا ہوگا۔ پرفارمنس اور میوزیکل آرٹس کی ثقافتی سرگرمیاں ، سنیما، نمائشیں ، تھیٹر میں گنجائش سے 70 فیصد سے زیادہ لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
Comments are closed.