بارسلونا میں ویک اینڈ پر آمدورفت پر مکمل پابندی عائد، کاتالونیا حکومت نے نئے اقدامات کااعلان کر دیا

بارسلونا۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لئے کاتالونیا کی صوبائی حکومت نے 15 روز کے لئے نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔کاتالان حکومت نے جمعہ ہفتہ ویک اینڈ پر کاتالونیا کے دیہاتوں اور شہروں کے درمیان آمد و رفت پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیاہے۔ جبکہ دوسری میونسپلٹیز کے لوگوں کے لیے کاتالونیا کی سرحدوں کو بھی بند کیا جائے گا۔ یہ نئے اقدامات کل بروز جمعہ صبح 6 بجے نافذ ہونگے اور 15 دن جاری رہیں گے۔

صوبے کے اندر آمد و رفت کی پابندی صرف ویک اینڈ پر ہوگی۔ تاہم دیگر علاقوں سے کاتالونیا آنےجانے کی پابندی 15 دن مسلسل رہے گی۔نئے اقدامات سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے بعد صوبے بھر میں لاگو ہوجائیں گے۔

نئی پابندیوں کے تحت تمام ثقافتی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ پابندیوں کے بعد سینما گھر، کنسرٹ ہال،آڈیٹوریم، عجائب گھر، آرٹ گیلیریز کو اپنی سرگرمیوں کو معطل کرناہوں گی۔ جبکہ سکول کھلے رہیں گے۔ 800 مربع میٹر تک دوکانوں کو کھلنے کی اجازت ہوگی۔

حکومت کے نائب صدر پیری اراگونس نے کہاہے کہ پابندیوں سے متاثر ہونے والے شعبوں کے لئے حکومت 300 ملین یورو مختص کرے گی۔آنے والے دنوں میں انکم ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے بھی امداد کا اعلان کرنے کا عندیہ دیاہے۔

Comments are closed.