سپین میں کورونا بے قابو۔۔ کاتالونیا حکومت کا عوام کو میڈرڈ کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

سپین کے صوبے کاتالونیا کی حکومت نے عوام کو ملک میں دوبارہ تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میڈرڈ کے سفر سے گریز کا مشورہ دے دیا۔

کاتالونیا کے صدر کیم تورا کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں میڈرڈ سے جہاز، ریل گاڑی یا دیگر ذرائع سے سفر کر کے کاتالونیا پہنچنے والے شہریوں کا درجہ حرارت جانچا جائے، جب کہ کاتالونیا کی عوام وفاقی دارالحکومت (میڈرڈ) کے غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیم تورا نے مزید کہا ہے کہ اگر میڈرڈ کا سفر نہایت ضروری ہو تو موثر حفاظتی اقدامات کے ساتھ سفر کیا جائے۔انہوں نے میڈرڈ کی صدر ازابیل آیوسو سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ علاقے میں وباء کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کریں۔

کاتالان کے محکمہ برائے علاقائی پالیسی نے ریلوے، ایئرپورٹس سمیت دیگر ریاستی اداروں کو دوسرے علاقوں سے آنے والے افراد کے جسم کا درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے مناسب انتظامات کرنے اور موثر منصوبہ بندی اپنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپین کے دیگر مختلف علاقوں کی طرح وفاقی دارالحکومت میڈرڈ میں بھی عالمی وباء ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کے باعث حکومت کی جانب سے جزوی لاک ڈاؤن اور سخت پابندیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے،تاہم اس مرتبہ حکومت کو لاک ڈاؤن کے خلاف عوامی احتجاج اور مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔

Comments are closed.