بارسلونا: سپین اور فرانس کے درمیان سفر کرنے والوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ دونوں ممالک کی ریل کمپنیوں نے کرائے میں نمایاں کمی کر دی ہے، بارسلونا سے پیرس کے لئے ریل ٹکٹ صرف 25 یورو میں دستیاب ہوگا۔
سپین کی مشہور ریل کمپنی رینفے اور فرانس کی قومی ریل کمپنی ایس این سی ایف نے مسافروں کی سہولت کے لئے کرائےمیں کمی کر دی ہے، بارسلونا اور پیرس کے درمیان یکطرفہ کرایہ 25 یورو مقرر کیا گیا ہے، اس پیش کش کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسافروں کو ریل کے ذریعے سفر کرنے کیلئے راغب کرنا ہے۔
واضح رہے کہ عام طور پر دونوں یورپی ممالک کے درمیان یکطرفہ کرایہ 150 یورو تک ہے، ریل گاڑی بارسلونا سے خرونا، فیگیرس، ماونٹ پییر، نمس اور دیگر شہروں سے گزرے گی، سپین کے شہر بارسلونا سے فرانس کے دارالحکومت پیرس تک کا سفر تیز ترین ریل کے ذریعے 6 گھنٹے اور 20 منٹ میں طے ہوگا۔
دونوں ممالک کے درمیان ریل کے سستے کرائے کی یہ پیشکش محدود مدت کے لئے ہے، بارسلونا اور پیرس کے درمیان25 یورو میں ٹکٹ ہفتے تین دن یعنی پیر سے بدھ کیلئے جاری ہوں گے اور یہ سروس 10 جنوری 2021 تک جاری رکھی جائے گی۔رینفے اور ایس این سی ایف کے سستے ٹکٹس ریلوے اسٹیشنز، ڈاک خانوں، ٹریول ایجننٹس اور دونوں کمپنیوں کی ویب سائٹ سے خریدے جا سکتے ہیں۔
Comments are closed.