چین کی درآمدات و برآمدات میں اضافے کا رجحان برقرار

بیجنگ : اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 11 ماہ میں چین کی درآمدات اور برآمدات کا حجم گزشتہ سال کی سطح سے بڑھ چکا ہے۔ چینی وزارت تجارت کی ترجمان شو جوئی ٹنگ نے کہا کہ چین کی غیر ملکی تجارت کے درآمدی اور برآمدی ڈھانچے میں مزید بہتری کی توقع ہے، اعلیٰ معیار کی ترقی میں تیزی آئے گی اور بڑے تجارتی ملک کی حیثیت کو مضبوط بنایا جائے گا۔

ترجمان نے غیر ملکی تجارت کے مسلسل فروغ اور ترقی کے حوالے سے چند اہم وجوہات کا ذکر بھی کیا۔ اول، عالمی معیشت میں بحالی کا رجحان برقرار ہے اور بیرونی مانگ میں بہتری آئی ہے۔ دوم، وبائی اثرات کے تحت، عالمی طلب اور رسد میں فرق بدستور موجود ہے۔ایک جامع مینوفیکچرنگ سسٹم پر انحصار کرتے ہوئے چین بین الاقوامی مارکیٹ اور صارفین کی ضروریات کو مسلسل پورا کر رہا ہے۔ تیسرا، اجناس کی قیمتوں میں اضافہ درآمدی نمو کو مزید فروغ دے رہا ہے۔

Comments are closed.