صدر شی جن پھنگ نے پاکستان کے نو منتخب صدر آصف علی زرداری کے نام تہنیتی پیغام بھیجا اور انہیں پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔اتوار کے روز
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے ہمسائے، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان “آہنی” دوستی ایک تاریخی انتخاب اور دونوں عوام کی قیمتی دولت ہے۔ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح كے قریبی تبادلوں کو برقرار رکھا ہے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں بھر پور نتائج حاصل کیے ہیں اور دوطرفہ تعلقات میں اعلی سطح کی ترقی کو برقرار رکھا ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ اس وقت دنیا کوبڑی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور چین- پاکستان تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت زیادہ نمایاں ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک -چین تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں ۔ وہ چین اور پاکستان کے درمیان روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے، چین اور پاکستان کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی ترقی کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے اور نئے دور میں چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تشکیل کو تیز کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فوائد پہنچانے کے لیے صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔
Comments are closed.