بیجنگ: چین کےنائب وزیر خارجہ شے فنگ نےامریکہ کی کاروباری شخصیات اور شہری و بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ورچوئل ملاقات کی ۔
چین میں امریکی چیمبر آف کامرس، امریکی چیمبر آف کامرس شنگھائی ، یو ایس چائنا بزنس کونسل اور چین میں امریکی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔
شے فنگ نے کہا کہ چین میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 19ویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے کل رکنی اجلاس کےکامیاب انعقاد اور چینی و امریکی صدور کے درمیان دو ہفتے قبل ہونے والی کامیاب ورچوئل ملاقات جیسے دو اہم واقعات کے ساتھ ہی اب دونوں ممالک میں یہ بات چیت بھی ہو رہی ہے۔مذکورہ بالا دو بڑے واقعات نے مستقبل میں ہمارے اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام شرکا تیزی سے آگے بڑھیں گے ، دو طرفہ مفادات اور کثیر الطرفہ مفادات کو حاصل کرنے کے لیے چین کے اعلیٰ سطحی کھلے پن میں شرکت اور تعاون کریں گے ۔ چین-امریکہ تعلقات میں موجود منفی اثرات کو کم کرتے ہوئے ان کے فروغ اور استحکام کےعلمبردار بنیں گے ،اقتصادی اور تجارتی مسائل پر سیاست کی مخالفت کرتے ہوئے چین اور امریکہ کے درمیان باہمی مفادات و تعاون کے محافظ بنیں گے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے پل اور بندھن کے طور پر کام کریں گے تاکہ باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد میں اضافہ کیا جا سکے۔
امریکہ کی جانب سے ملاقات میں شامل نمائندگان نے کہا کہ امریکی تاجر برادری اس بات پر متفق ہے کہ اقتصادی اور تجارتی مسائل کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے ۔ان کا ماننا ہے کہ چین پر ٹیرف میں اضافہ کرنا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہے۔رواں سال یو ایس چائنا بزنس کونسل نے اپنی تشویش سے آگاہ کرنے لیے امریکی حکومت کو جو خط لکھا اس پر تقریباً 30 کاروباری انجمنوں کے دستخط ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے شہروں میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور ان کے کاروبار شروع کرنے کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ امریکی کاروباری برادری،چینی مارکیٹ کو بہت اہمیت دیتی ہے اور وہ اس کے بارے میں پر امید ہیں۔ان کی رائے میں چین میں کاروباری ماحول بہتر ہوتا رہے گا اور وہ چینی مارکیٹ کے مستقبل کے حوالے سے پراعتماد ہیں ۔ انہوں نے چینی مارکیٹ میں چین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کے ایک پل کے طور پر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
Comments are closed.