سپین میں کاغذات تجدید میں مشکلات،بارسلونا میں تارکین وطن سراپا احتجاج

بارسلونا۔ یورپی ملک سپین میں رہائشی و سکونتی کاغذات کی تجدید کے لئے محکمہ پولیس کے دفتر کا ٹائم اور مقامی زبان میں سیتا (اپوائنٹمنٹ) لینا جوئے شیر لانے کے مترادف ہو گیا ہے۔ سیتا کے مشکل عمل اور ایجنٹ مافیا کی لوٹ مار کے خلاف تارکین وطن نے بیا لائتانہ میں پولیس آفس کے سامنےاحتجاج کیا۔

سپین میں رہائشی و سکونتی کاغذات کی تجدید کے لئے محکمہ پولیس سے وقت لینے میں مشکلات کا فائدہ ایجنٹ مافیا خوب اٹھا رہے ہیں، مجبور تارکین وطن کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے ایک سیتا کا 50 یورو سے 200 یورو سے زائد وصول کیے جارہے ہیں۔

سیتا نہ نکلنے اور ایجنٹ مافیا کی لوٹ مار کے خلاف تارکین وطن کی جانب سے بارسلونا شہر میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نوجوان سماجی کارکن عمیر ڈار کی جانب سے پاکستانیوں سے حق کے حصول کے لئے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پیغامات میں کہاکہ ان کو سیتا کی ضرورت نہیں لیکن وہ دوسرے افراد کے لئے مظاہرے میں شریک ہوکر حق کے لئے آواز بلند کریں گے۔

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سیتا (اپوائنٹمنٹ) کے عمل کو آسان بنایا جائے اور آفیشل ویب سائٹ پر کچھ دیر کے لئے اپوائنٹمنٹ جاری کرنے کے بجائے یہ آپشن ہر وقت کھلا رکھا جائے تا کہ تارکین وطن کی مشکلات کا ازالہ ہو۔

Comments are closed.