میڈرڈ: سپین میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ نہ رک سکا، ملک میں ساڑھے 23 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ خطرناک وباء مزید 83 زندگیاں نگل گئی۔
سپین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جمعہ سے پیر کے درمیان مزید 23 ہزار 572 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 62 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران سپین میں عالمی وباء کے باعث مزید 83 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اس خطرناک وائرس سے ہونے والی اموات 29 ہزار 94 تک پہنچ گئی ہے۔ وزارت صحت کے ڈائریکٹر فرنینڈو سمن نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاہے کہ مارچ اور اپریل والی صورتحال نہیں ہے، قومی سطح پر حالات میں استحکام آ رہا ہے۔
حکومتی دعوؤں اور کوششوں کے باوجود سپین میں کورونا وائرس قابو میں آنے کا نام نہیں لے رہا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے جزوی پابندیاں عائد کی جا رہی ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سپین کی عوام تشویش میں مبتلا ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم پیدرو سانچز نے صوبوں کو وباء کی صورتحال گھمبیر ہونے ایمرجنسی لگانے کا اختیار دیا تھا۔ کاتالونیاکے صدر کیم تورا نے وفاقی حکومت کو ایمرجنسی کی نفاذ کی درخواست دینے اور فوج کی مدد طلب کرنے سے انکار کردیاہے۔
Comments are closed.