سپین کے وزیرصحت کا سال کے آخرتک انسداد کورونا ویکسین کی دستیابی کا عندیہ

بارسلونا: سپین میں کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے ویکسین رواں سال کے آخر میں پہنچنے کا امکان ہے، وزیر صحت سلواڈور الا کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر رہے تو دسمبر کے آخر تک انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ جائے گی۔

سپین کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کورونا سے بچاؤ کیلئے آکسفورڈ ویکسین پر انحصار کر رہی ہے، سپین حکومت ویکسین کی تصدیق کے آخری مراحل کا اظہار کر رہی ہے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر کمپنیوں سے بھی بات چیت جاری ہے۔

سلواڈور اِلا نے کہا کہ کورونا ویکسین استعمال کے حوالے سے یورپی میڈیسن ایجنسی کی رائے بھی لی جائے گی،کورونا ویکسین کی دستیابی سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کے بعد عوام کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یورپی یونین پہلے ہی آکسفورڈ یونیورسٹی سے ویکسین خریداری کا معاہدہ کر چکا ہے، جب کہ برسلز سمیت کئی یورپی ممالک ویکسین کے نتائج کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب سپین میں نزلہ زکام سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی سالانہ مہم بروقت شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیرصحت کا کہنا ہے کہ تمام صوبائی، علاقائی حکومتیں اکتوبر کے دوسرے ہفتے تک ویکسین فراہمی کی مہم شروع کردیں۔

Comments are closed.