سپین میں کورونا کے وار جاری: کیسز 4 لاکھ سےمتجاوز، اموات 28 ہزار872 ہو گئیں

مانیٹرنگ ڈیسک

میڈرڈ: سپین کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر برقرار ہے مزید دو ہزار سے زائد افراد اس وباء کا شکار ہونے کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی جب کہ خطرناک وائرس 28 ہزار 800 سے زائد جانیں نگل چکا ہے۔

سپین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کے مزید دو ہزار60 افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے، جو گزشتہ جمعہ کے مقابلے میں کم ہے، جمعہ کو 3 ہزار 650 افراد کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 20 ہزار 969 نئے کورونا کیسز سامنے آئے جس کے بعد سپین میں کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 5 ہزار سے تجاوز کرگئی، جب کہ 96 نئی اموات کے بعد اس وباء کے باعث اب تک ہونے والی ہلاکتیں 28 ہزار 872 تک پہنچ گئی ہیں۔

سپین میں دوبارہ سے پنجے گاڑھتے کورونا وائرس اور نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر کی علاقائی حکومتوں نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دینا، سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

سپین  کے صوبے کاتالونیا کی بات کی جائے تو مقامی حکومت نے وباء پر قابو پانے کے لئے پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی کا اعلان کردیا ہے، صوبے کے متعدد علاقوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد ہے۔

Comments are closed.