بارسلونا . کاتالونیا کے قومی دن لا دیادا کا آغاز جمعرات کی صبح بارسلونا میں واقع رافائل کاسانوا کے یادگار مجسمے پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہوا۔ کاتالونیا کے صدر سلواڈور ایلا نے اپنی کابینہ کے ہمراہ تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کے اسپیکر جوزپ رول، بارسلونا کے میئر جاؤمے کولبونی، سیاسی جماعتوں، ثقافتی اداروں اور ایف سی بارسلونا کے صدر خوان لاپورتا نے بھی عقیدت پیش کی۔
یہ تقریب ہر سال 1714 کے بارسلونا محاصرے میں شہادت دینے والے ہیرو کاسانوا کی یاد میں منعقد کی جاتی ہے، جو آج بھی کاتالونیا کے حقوق اور آزادی کی علامت مانے جاتے ہیں۔ موسوس د اسکوادرا پولیس نے تاریخی وردیوں میں سلامی پیش کی جبکہ کیٹالان قومی ترانہ “ایلز سگادورز” گایا گیا۔
شدید بارش کے باعث تقریب کچھ دیر متاثر ہوئی، تاہم عوام کے جوش و خروش میں کمی نہ آئی۔ دن بھر کاتالونیا بھر میں ریلیاں، مظاہرے اور ثقافتی تقریبات منعقد ہونے کی توقع ہے، جہاں ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔
کاتالونیا کے قومی دن نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا کہ سیاسی، سماجی اور ثقافتی حلقے زبان، شناخت اور آزادی کے حق میں متحد ہیں۔
Comments are closed.