یورپی یونین نے کورونا وائرس کی کم شرح والے ممالک کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد ویکسین لگوانے والے غیرملکیوں کے لئے یورپ کے دروازے جلد کھلنے کا امکان ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے یورپ کے اندر سفری پابندیوں کے خاتمے کیلئے سفارشات شائع کر دی گئی ہیں، یورپی یونین کی رکن ریاستوں کی جانب سے ’محفوظ ممالک‘ کی فہرست پر باقاعدہ دستخط رواں ہفتے میں ہونے کا امکان ہے جس کے بعد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق سفارشات کے نفاذ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے اس بات کا حتمی فیصلہ کیا جانا ابھی باقی ہے کہ سفری پابندیوں کے خاتمے کے بعد غیرملکیوں کے لئے کیا شرائط لاگو کی جائیں، یورپی ممالک سیاحوں کے لئے قرنطینہ، نیگیٹوو پی سی آر ٹیسٹ اور ویکسین لگوانے کے سرٹیفیکٹ کی شرط عائد کر سکتے ہیں۔
غیرملکی مسافروں کو یورپ کے سفر سے دو ہفتے قبل ویکسین لگوانا ہوگی، حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئے قوانین کا اطلاق جون سے کیا جا سکتا ہے تا کہ یورپ میں سیاحت کے شعبے میں تیزی لائی جا سکے جو کہ وقت کی ضرورت ہے۔ تاہم اگر وباء کے پھیلاؤ میں دوبارہ اضافہ ہوا تو ان فیصلوں کو ہنگامی طور پر معطل کر دیا جائے گا۔
سفارشات کے مطابق سفری پابندیوں میں نرمی سے متعلق فہرست میں ایسے ممالک کو شامل کیا جائے گا جہاں پر ایک لاکھ افراد میں سے کورونا متاثرہ افراد کی تعداد 75 سے کم ہو، یورپی یونین کی جانب سے سفری پابندیوں کے خاتمے سے متعلق سفارشات کی منظوری یونان کی جانب سے ویکسین لگوانے والے غیرملکی سیاحوں کو خوش آمدید کرنے کے اعلان کے بعد دی گئی۔
Comments are closed.