پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن جارحیت پرمنہ توڑ جواب دیگا،پرویز اقبال لوسر

دی ہیگ: ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کی جانب سے عالمی عدالت انصاف کے سامنے بھارت کے خلاف احتجاج اور پاکستانی عوام و مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کی۔ جس میں بھارت کے جنگی جنون اور پاکستان میں دراندازی کی پرزور الفاظ میں مذمت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت اور وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف نعرے درج تھے۔

ای یو۔پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوسر نے یورپ بالخصوص ہالینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوا کہا کہ بیرون ملک میں رہنے کے باوجود مادر وطن سے محبت کیلئے اس مظاہرے میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے تمام پاکستانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بیرون ممالک بالخصوص یورپ میں مقیم پاکستانی وطن عزیز کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کا کہنا تھا کہ بھارت کا موجودہ وزیراعظم عالمی سطح پر دہشتگرد قرار دیا جا چکا ہے، یورپ، برطانیہ اور امریکا میں اس کے داخلے پر پابندی رہ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندرا مودی کے سر پر جنگی جنون سوار ہے، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کا انجام اچھا نہیں ہوگا اور اس کے نتائج پوری دنیا پر پڑیں گے۔

چوہدری پرویز اقبال لوسر کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بارہا بھارت کو تمام مسائل کے حل کیلئے بات چیت اور مذاکرات کی دعوت دی لیکن اس کے باوجود بھارت نے دراندازی کی تو پاکستان اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ پاکستانی مسلح افواج نے بھارتی طیارے کو گرا کر مادر وطن کے تحفظ کیلئے مکمل تیار رہنے کا ثبوت دیا۔ حکومت پاکستان نے گرفتاری بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے عالمی دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھارت کو ایک بار پھر انیس سو پینسٹھ کی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کیوں کہ پاکستانی عوام اور دنیا کی بہترین پاکستانی مسلح افواج وطن عزیز کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

چوہدری پرویز اقبال لوسر نے کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت کا ذکر کرتے ہوئے شرکاء کو بتایا کہ پاکستانی وکیل نے اٹھارہ سے اکیس فروری تک ہونے والی سماعت کے دوران بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا کہ وہ کس طرح پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کروا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی شکل میں پاکستان کے پاس بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ بھارت کے پاس دوران سماعت جھوٹ کے سوا کچھ کہنے کو نہیں تھا۔

Comments are closed.