
یورپی بزنس سائیکل انڈیکیٹرز 2021 میں کووڈ کے بعد سب سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں اور کاروباری رجحانات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے. اس ضمن میں یوروپی یونین نے آٹھ سو چھ ارب یورو مختص کئے ہیں جس کا مقصد اقتصادیات کی گرتی ہوئی صورت حال کو بہتر بنانا ہے. اس رقم میں سے تقریباً پونے ستّر ارب یورو اسپین کو ملیں گے. اس ستّر ارب کی ترجیحات کو درج ذیل آرٹیکل میں بیان کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی بھی ان ترجیحات سے مکمل مستفید ہو سکے.
.
کووڈ کیوجہ سے ہسپانوی اقتصادیات بری طرح متاثر ہوئی ہیں. بے روزگاری کی اوسط شرع تیس فیصد تک اور نوجوانوں میں پچاس فیصد تک ہو گئی. ان اثرات کو ختم کرنے اور اقتصادی مضبوطی کو یقینی بنانے کے لئے یوروپی یونین نے سپین کو سب سے زیادہ اور سب سے پہلے فنڈز مہیا کرنا شروع کر دئیے ہیں. یہ فنڈ یوروپی یونین کی مقرر کردہ ترجیحات کے مطابق خرچ کئے جائیں گے جن پر یورپین یونین نظر رکھے گی اور جہاں ضروری ہوا ہدایات بھی جاری کرے گی.
.
ہسپانوی اقتصادی ریکووری پیکج میں سب سے زیادہ توجہ “فنی و تکنیکی تربیت” کو دی گئی ہے. اس سلسلہ میں جہاں پہلے سے موجود ووکیشنل ادارے ہیں ان کو سب ونسیون ملے گی اور ان کے علاوہ اسپین بھر میں ایک لاکھ پینتیس ہزار مزید ووکیشنل اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا. فنی و تکنیکی تربیت میں شامل شارٹ کورسز ہیں جن میں مکینک، ویلڈر، فٹر، پلمبر، کنسٹرکشن ورکر، مشین آپریٹرز، آئی ٹی ٹیکنیشن، روبوٹ میکنک، کماریرو، کوسینیرو، لمپیادور اور اسی طرح کی ڈیڑھ سو سے زائد کیٹیگوریز بنائی گئی ہیں.
.
ابھی گزشتہ روز ہی ہمارے محترم دوست وسیم رزاق تعلیم سے متعلق ایک پروگرام کر رہے تھے. اس پروگرام میں مہمان نے سب پاکستانی نوجوانوں کو “ای ایس او” کرنے کا مشورہ دیا تھا. ای ایس او (ایدوکاسیون سیکونداریا اوبلیگاتوریا) یعنی لازمی ثانوی تعلیم ہے. شائد محترم دوست کومعلوم نہ ہو کہ ای ایس او تین مراحل میں پوری ہوتی ہے جس کے لئے بارہ برس درکار ہوتے ہیں. ای ایس او کے متوازی ہسپانوی سسٹم میں ہی دیگر تعلیمات بھی موجود ہیں. اگر ایک بالغ نوجوان کے پاس ہسپانوی زبان کا اے ٹو سرٹیفکیٹ موجود ہے اور وہ نوکری کی تلاش میں ہے تو اس کو ان عمومی تعلیمات کی چنداں ضرورت نہیں ہے.
.
یوروپی یونین کی تازہ بہ تازہ ترجیحات برائے تعلیم و تربیت کے مطابق تارکین وطن لوگوں کو صرف اپنے رہائشی وطن کی مقامی زبان کا بنیادی علم ہونا ضروری ہے تاکہ وہ مقامی اداروں میں بات کر سکیں. ان کے لئے عمومی تعلیم سے زیادہ تکنیکی تربیت حاصل کرنا اہم قرار دیا گیا ہے جس کا ثبوت یہ کہ اسپین کے دفتر روزگار کی جانب سے ڈیڑھ سو کے قریب فنی و تکنیکی کورس کروائے جا رہے ہیں جس سے فائدہ تارکین وطن کو سب سے زیادہ ہو رہا ہے. کورس ختم ہوتے ہوتے ان کو نوکری مل چکی ہوتی ہے.
.
یوروپی یونین کے ریکوری پیکج سے جہاں نوکری کے متلاشی مزدوروں کو ہنر سیکھنے میں فائدہ ہوگا وہاں پاکستانی پہلے سے ہنرمند افراد کے لئے بھی بہتر مواقع موجود ہیں. خصوصی طور پر ایسے پاکستانی جو آئی ٹی ٹیچنگ کا تجربہ رکھتے ہیں. ان کے علاوہ وہ لوگ جو ویلڈنگ، پلمبر، الیکٹریشن، بلڈنگ کنسٹرکشن جیسے ہنر کے تجربہ کیساتھ ہسپانوی زبان کا بی ون سرٹیفکیٹ رکھتے ہیں وہ ہسپانیہ کے جنوبی شہروں میں جا کر نئے قائم شدہ سرکاری ووکیشنل اداروں میں بطور استاد بھرتی ہو سکتے ہیں. خواتین کے لئے یوروپی یونین نے خاص طور پر ترجیحات قائم کر رکھی ہیں.
.
بحیثیت پاکستانی، بندہ خاک بسر محض فوٹو مافیا کا حصہ نہیں ہے بلکہ اپنی کمیونٹی کے افراد خصوصاً بہنوں اور بیٹیوں کے لئے باوقار زندگی گزارنے میں مدد دینے کے لئے لکھتے رہنا اپنا اخلاقی فرض سمجھتا ہے. کسی سے کوئی پذیرائی ملے یا نا ملے، اس سے بندہ خاک بسر کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اگر میری اخلاقی مدد سے کسی ایک بھائی یا بہن یا بیٹے یا بیٹی کا فائدہ ہو جاتا ہے تو قلب مطمعین ہو جاتا ہے کہ اپنا حصہ اپنے معاشرہ میں ڈال دیا. باقی لوگ بنواتے رہیں تصاویر، پہنتے رہیں میڈل، بنتے رہیں چوہدری، میری بلا سے….. کیونکہ میرا مقصد اطمینان قلبی ہے نمائش ظاہری نہیں.
Comments are closed.