فرانس میں نئے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا۔۔۔ وباء کے پھیلاؤ میں تیزی

پیرس: یورپی ملک فرانس میں نئی قسم کے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد یہ خطرناک وائرس اب یورو زون میں پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ فرانس میں ایک دن میں 20 ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز جب کہ 159 اموات ریکارڈ ہوئیں۔

فرانس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اور وباء کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فرانس میں مزید 20 ہزار 262 افراد وباء کا شکار ہو گئے جب کہ 159 اموات ریکارڈ ہوئیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 25 لاکھ 47 ہزار 771 جب کہ مجموعی ہلاکتیں62 ہزار 427 تک پہنچ گئی ہیں۔

فرانسیسی وزارت صحت کے مطابق برطانیہ سے حال ہی میں واپس آنے والے ایک فرانسیسی شہری میں نئے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، 19 دسمبر کو برطانیہ سے فرانس پہنچنے والے شخص نے وائرس تصدیق کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور خود کو بہتر محسوس کر رہا ہے۔

برطانوی سیکرٹری صحت میٹ ہان کاک نے 14 دسمبر کو بتایا تھا کہ برطانیہ میں وباء کی نئی لہر کی وجہ کورونا وائرس کی نئی قسم ہو سکتی ہے، انہوں نے برطانیہ میں نئے وائرس سے 1000 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی جن میں سے زیادہ تر کا تعلق جنوب مشرقی انگلینڈ سے ہے۔

دنیا کے بیشتر ممالک نے حالیہ دنوں میں نئے وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے برطانیہ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سرحدیں بند کر کے فلائٹ آپریشنز بھی معطل کر دیئے ہیں ۔

Comments are closed.