پیرس: فرانس نے اپنے شہریوں کو اسپین بالخصوص کاتالونیا صوبے کے سفر سے روک دیا ہے، جب کہ اسپین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو فرانس آنے سے روکیں۔
فرانس میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں انسداد کورونا سے متعلق اقدامات اور وباء کی موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار نئے کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد فرانسیسی کونسل برائے دفاع و سلامتی نے وباء کے تیزی سے بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی،۔
اجلاس کے بعد فرانسیسی وزیراعظم ژان کاسٹیکس نے اپنے شہریوں کو اسپین کا سفر نہ کرنے کامشورہ دیا،ان کا کہنا تھا کہ اسپین بالخصوص کاتالونیا میں کورونا وائرس کی دوبارہ بگڑتی صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ وہاں کے سفر سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کورونا وباء کی صورتحال بہتر نہیں ہوجاتی فرانسیسی شہری کاتالونیا کا سفر نہ کریں۔
فرانسیسی وزیراعظم نے کہاہے کہ فرانس اور اسپین کے متعلقہ حکام اس حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور شہریوں کی آمد و رفت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، موجودہ حالات میں ہسپانوی حکام سے کہا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے فرانس داخلے کو محدود کریں۔
فرانسیسی وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ وباء کی صورتحال کے تناظر میں اسپین کے ساتھ سرحد بند کرنے کے معاملے پر اسپین کے حکام سے بات چیت کی جا سکتی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
Comments are closed.