سپین میں ہیٹ ویو سے ایک ہفتے کے دوران 510افراد ہلاک ہوگئے
سپین کی وزارت صحت نےکہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد ہیٹ ویو سے ایک ہفتے میں 510 افراد ہلاک ہوگئے، جن کی عمریں 65 سے 84 سال تک ہیں ۔
سپین میں ایک ہفتے کے دوران ہیٹ ویو سے 510 افراد ہلاک ہو گئے۔ چینی خبر رسا ں ادارے کے مطابق سپین کی وزارت صحت نےکہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں پارہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد ہیٹ ویو سے ایک ہفتے میں 510 افراد ہلاک ہوگئے، جن کی عمریں 65 سے 84 سال تک ہیں ۔
کارلوس III ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے کہاکہ ہیٹ ویو اسی طرح برقرار رہی تو ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے سپین میں موسم گرما کی یہ دوسری ہیٹ ویو ہے۔ آئی ایس سی آئی آئی کے مطابق جون 2021میں ہیٹ ویو سے 829 اموات ہوئیں ۔
سپین کے شمال مغربی علاقے زمورا میں جنگل میں لگنے والی آگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے اور پٹریوں کے قریب آگ لگنے کی وجہ سے علاقے میں ٹرینیں روک دی گئیں۔شمالی پرتگال میں آگ سے بچنے کی کوشش کے دوران ایک بزرگ جوڑے کی موت ہو گئی۔شدید گرم موسم کے زیادہ تواتر سے آنے کی وجہ سے موسم شدید سے شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔مغرب میں نانٹس سمیت فرانس کے کئی شہروں میں اب تک کا گرم ترین دن دیکھنے کے ایک دن بعد بھی جنگل کی آگ سلگ رہی تھی۔
30,000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، کیمپ کی متعدد جگہیں تباہ ہو چکی ہیں اور شہریوں کے لیے ہنگامی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ جنوب مغرب میں ایک مقبول سیاحتی علاقہ گیرونڈے خاص طور پر بری طرح متاثر ہوا ہے۔
فرانس بھر سے فائر فائٹرز دو آتشزدگیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں جس نے گزشتہ ہفتے میں 19,300 ہیکٹر (47,700 ایکڑ) اراضی کو تباہ کر دیا ہے۔ منگل کی علی الصبح بورڈو شہر دھوئیں سے ڈھکا ہوا تھا جب ہوا نے سمت تبدیل کردی۔ گرونڈے کے علاقائی صدر جین لک گلیز نے کہا کہ یہ آکٹوپس کی طرح ایک عفریت ہے اور یہ آگے، پیچھے، دونوں طرف بڑھ رہا ہے اور بڑھ رہا ہے۔
Comments are closed.