میڈرڈ: سپین میں غیرقانونی طریقے سے داخلے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی ایک اور کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 50 تارکین وطن جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 20 کے قریب افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
ہسپانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق تارکین وطن نے دو ہفتے قبل سینی گال سے سپین کی طرف سفر کا آغاز کیا، کشتی پر80 افراد سوار تھے، سپین کے جزیرے کینری کی جانب سفر کرنے والے تارکین وطن کی کشتی انجن فیل ہوگیا، جس کے بعد یہ تمام افراد سمندر میں پھنس گئے تھے۔
تقریباً دو ہفتے تک سمندر میں بے یارومددگار رہنے والی کشتی کے بدقسمت مسافروں میں سے 50 کے قریب تارکین وطن بھوک اور پیاس کے باعث جان کی بازی ہار گئے، ہلاک ہونے والوں کو سمندر برد کر دیا گیا۔ اے ایم آئی نیوز ایجنسی کے مطابق 20 کے قریب تارکین وطن کو امدادی ٹیموں نے بچالیا۔
حادثے کے بعد بچ جانے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد دی گئی، جنہیں آئندہ کچھ روز تک آبائی وطن روانہ کیا جائے گا، جب کہ پولیس نے اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔گزشتہ سال بھی تارکین وطن کی ایک کشتی اسی طرح کے حادثے کا شکار ہوئی جس میں 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
Comments are closed.