تحریک آزادی کشمیر کو روکنا بھارت کے بس میں نہیں رہا، عمران علی چوہدری
تارکین وطن سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکرمسئلہ کشمیر دنیا میں اجاگر کریں، پاکستانی قونصلر جنرل بارسلونا
بارسلونا (وسیم رزاق) اسپین میں پاکستانی قونصلر جنرل عمران علی چوہدری کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکنا بھارت کے بس میں نہیں رہا۔ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کشمیر کے معاملے کو پوری طرح اجاگر کرنا چاہیے۔
اسپین کے شہر بارسلونا میں جشن آزادی اور کشمیر کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔کاتالان فیڈریشن، پیس فارپیس اور فیملی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خصوصی تقریب بارسلونا کے علاقے پارالیل میں منعقد کی گئی جس میں سیاسی وسماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ پاکستانی، کشمیریوں کی بڑی تعداد نے فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان عمران علی چوہدری نے کہاکہ اسپین سمیت دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی برادری کو کشمیرکے معاملے پرمتحد ہوناچاہیے، جنوبی کشمیر سے شروع ہونے والی تحریک آزادی کو بھارتی فوج روکنے میں ناکام ہے۔ کشمیر کی جغرافیائی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔
قونصل جنرل نے شاندار پروگرام منعقد کروانے پر انتظامیہ کی کارکردگی کوسراہااورکہا کہ ڈاکٹرعرفان اور طاہر رفیع کی اردو زبان کے فروغ کے حوالے سے نمایاں خدمات ہیں۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظالم پر عالمی برادری کونوٹس لینا چاہیے،
تقریب کے دوران بچوں کی جانب سے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے گئے جب کہ شرکاء نے جشن آزادی کے موقع پر موسیقی کے اہتمام کو بھی سراہا۔

Comments are closed.